Time 01 مارچ ، 2020
کاروبار

پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی بھی قیمت کم کردی گئی

 گھریلو سلنڈرکی قیمت 150 روپے کی کمی سے ایک ہزار 530 روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت 577 روپے کی کمی سے 5 ہزار 887 روپے کی سطح پر آگئی— فوٹو:فائل 

حکومت نے پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی بھی فی کلو گرام قیمت 12 روپے 71 پیسے کم کردی۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مارچ 2020 کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

قیمتوں میں کمی کے بعد فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت 12 روپے 71 پیسے کی کمی سے 130 روپے ہوگئی ہے۔

 گھریلو سلنڈرکی قیمت 150 روپے کی کمی سے ایک ہزار 530 روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت577 روپے کی کمی سے 5 ہزار 887 روپے کی سطح پر آگئی۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی زیادہ سے زیادہ 7 روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

وزرات خزانہ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 26 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 7 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 92 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 7 روپے کمی کے بعد 77 روپے 51 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔