01 مارچ ، 2020
سندھ حکومت نے صوبے کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے پیر سے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے کراچی میں ایک مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سندھ حکومت نے جمعرات 27 فروری سے 2 مارچ تک صوبے کے تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب تعطیلات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے کے نجی و سرکاری اسکولوں سمیت تمام تعلیمی ادارے 2 مارچ سے 13 مارچ تک بند رہیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات کو 13 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیا گیا جبکہ صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 16 مارچ سے کھولے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کا چوتھا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، وزیر صحت، وزیر بلدیات، وزیر تعلیم اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ لیے گئے 5 سیمپلز میں سے ایک نیگیٹو ہے، باقی 4 کا رزلٹ آنا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اِس وقت ایران سے کراچی میں 738 مسافر آچکے ہیں جس کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 13 مارچ تک تعلیمی ادارے بند ہونے سے اُن مسافروں کی 14 دن کی آئیسولیشن مدت مکمل ہوگی اور اس دوران ایران سے آنے والوں اور ان کے خاندانوں کی ہیلتھ انویسٹی گیشن ہوجائے گی۔
اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا آج کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، 8 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کئےگئے تھے تاہم تمام کےنتائج منفی ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ احتیاطی تدبیر کے طور پرکیا گیا لہٰذا عوام پریشان نہ ہوں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں کیسز کی تعداد 2 جبکہ ملک بھر میں 4 ہوگئی ہے۔