Time 29 فروری ، 2020
پاکستان

ملک میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، تعداد 4 ہوگئی

کراچی اور اسلام آباد میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر  ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کے دوران ملک میں مزید 2 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ نئے کیسز بھی کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں منتقل کردیا ہے جبکہ دونوں مریضوں نے حال ہی میں ایران کا سفر کیا تھا۔ 

گزشتہ کیسز کے حوالے سے معاون خصوصی نے بتایا کہ دونوں مریض صحتیاب ہورہے ہیں جن میں سے ایک مریض کو جلد ہی اسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔

زائرین کے حوالے سے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کرلی ہے کہ تفتان میں زائرین کو کیسے واپس لانا ہے، اب ہم بتدریج ایران سے زائرین کو واپس لا رہے ہیں۔

کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ دوسرے مریض کی تصدیق

کراچی میں ایران سے آئے ہوئے ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہوگئی۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق شام 5 بجے ہوئی جس کے بعد اسے قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ مریض حال ہی میں ایران سے واپس پاکستان پہنچا تھا اور ایران میں ہی مریض کو کورونا وائرس کا اثر ہوگیا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مریض سے رابطے میں رہنے والے دیگر افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ایران سے آنے  والے افراد کی اسکریننگ کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس پر ٹاسک فورس کا تیسرا اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت، میئر کراچی، چیف سیکرٹری اور دیگر نے شرکت کی۔ 

اعلامیے کے مطابق اجلاس کو بریفنگ دی گئی ہے کہ کراچی میں ایک اور کورونا وائرس کا کیس ظاہر ہواہے، متاثرہ شخص کی عمر 65 سال ہے اور وہ 20 فروری کو ایران سے واپس لوٹا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ مریض کے فیملی کے 4 افراد کو بھی گھر میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

اس دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایران سے آنے والوں کی اسکریننگ کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ 2 مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے ایک کیس کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوا تھا۔ 

دونوں مریض حال ہی میں ایران سے پاکستان پہنچے تھے جنہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی تھی کہ دونوں متاثرہ مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید خبریں :