Time 01 مارچ ، 2020
پاکستان

سکھر میں کتے کے کاٹنے سے 4 سالہ زخمی بچہ انتقال کرگیا

4 سال کے ہدایت اللہ کو 3 روز قبل بنیادی صحت یونٹ لایاگیا جہاں اسے ویکسین نہیں لگائی گئی: بچے کے چچا کا الزام — فوٹو: فائل 

سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے زخمی بچہ انتقال کرگیا۔

بچے کے چچا کا مؤقف ہے کہ 4 سال کے ہدایت اللہ کو 3 روز قبل بنیادی صحت یونٹ لایاگیا جہاں اسے ویکسین نہیں لگائی گئی۔

ریجنل ڈائریکٹر مظہر ویسر کا کہنا ہے کہ بچے کو ویکسین کی 2 ڈوز دی گئی تھیں لیکن تیسرے ڈوز کے لیے بی ایچ یو میں ویسکین ختم ہوگئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کتےکےکاٹنےکےواقعات میں اضافہ ہوا جس کے باعث بنیادی صحت یونٹ میں ویکسین کی کمی ہے۔

خیال رہے کہ 13 فروری کو  سندھ کے علاقے سیہون میں آوارہ کتوں کے حملے میں ایک 10 سالہ بچی شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں سگ گزیدگی کے سیکڑوں واقعات رونما ہوئے تھے جس کے باعث 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے۔

مزید خبریں :