02 مارچ ، 2020
وزیر اعظم عمران خان نے احساس اسکالر شپ پروگرام کا افتتاح کردیا جس کے تحت 50 ہزار انڈر گریجویٹ طلبا کو تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں احساس اسکالر شپ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں اہل قرار پانے والےطلبا میں اسکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔
اس موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ہم پیچھے رہ جانے والے لوگوں کو سہولیات فراہم کریں گے، احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام اسی منصوبے کا اہم ستون ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سالانہ 50 ہزار طلباء کو اسکالرشپ کی فراہمی ایک بہت بڑا سنگ میل ہے، اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء نہ صرف خود کو بلکہ اپنے خاندان اور اپنے ملک کو بھی اوپر اٹھائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ تھا کمزورطبقےکااحساس ہی ریاست مدینہ کااصول تھا اسی لیے یہ دنیا کاسب سے کامیاب ماڈل تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم بتدریج ریاست مدینہ کے ماڈل کی جانب گامزن ہیں، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہمارے نوجوان ہیں، ہم نے انہیں بہتر افرادی قوت میں تبدیل کرنا ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اسکالرشپ میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی اور کسی سیاسی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے، یہی اس پروگرام کی کامیابی کی وجہ بنے گا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ڈاکٹرثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام ملک کی تمام سرکاری جامعات میں زیر تعلیم مستحق طلباء کے لیے ہے۔
ثانیہ نشتر کے مطابق جس طالب علم کے خاندان کی سالانہ آمدن45ہزار روپے سے کم ہوگی وہ تعلیمی وظیفہ حاصل کرسکے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی وظیفے کے تحت ٹیوشن فیس معاف ہوگی اور 4ہزار روپے ماہانہ بھی ملیں گے، پروگرام کے تحت 50 ہزار طلباء کو اسکالر شپس دی جائیں گی، اسکالر شپس میں 2 فیصد کوٹہ خصوصی افراد کے لیے مختص ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے سال کے لیے درخواستوں پر کارروائی کا عمل جون میں شروع ہوگا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ویب سائٹ پریہ فارم دستیاب ہوگا۔