02 مارچ ، 2020
سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔
چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا مہلک کورونا وائرس دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں پھیل گیا ہے اور اب سعودی عرب میں بھی پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بحرین کے راستے سعودی عرب میں داخل ہونے والے شہری میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ سعودی شہری ایران سے بذریعہ بحرین سعودی عرب میں داخل ہوا تھا جس کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے حکام کے مطابق متاثرہ شہری کو اسپتال میں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ متاثرہ شہری سے ملنے والے افراد کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے جن میں کچھ کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کے عمرہ زائرین کے مکہ اور مدینہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی جس کے باعث ہزاروں افراد کے ویزے منسوخ کیے گئے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد عمرہ زائرین کو جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب سعودی وزرات صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں اب تک کورونا وائرس کے 298 مشتبہ کیسز سامنے آئے جنہیں ٹیسٹ کے بعد کلیئر قرار دیا جاچکا ہے۔
مشرق وسطیٰ کے ممالک کویت، ایران، عراق، بحرین، لبنان اور قطر میں بھی کورونا وائرس کے متعدد کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ایران میں 50 سے زائد ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس سے چین میں اب تک 2912 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں متاثر ہیں۔
چین کے علاوہ امریکا اور ایران سمیت متعدد ممالک میں بھی کورونا وائرس سے 157 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ سیکڑوں افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔