کھیل
Time 03 مارچ ، 2020

اینڈی فلاور نے ملتان اسٹیڈیم کو دنیا کے بہترین اسٹیڈیم میں سے ایک قرار دیدیا

فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پانچواں ایڈیشن تمام لیگز کے مقابلے میں سب سے خاص اس وجہ سے ہے کہ اس بار لیگ کے تمام تر میچز کا انعقاد پاکستان میں ہی کیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 5 سے ناصرف شائقین کرکٹ لطف اندوز ہورہے ہیں بلکہ اس سے پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑی بھی خوب محظوظ ہورہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پہلی بار 3 میچز کا انعقاد کیا گیا جس میں ملتان کے شائقین کرکٹ کی جانب سے بھرپور انداز میں شرکت کی گئی۔

فوٹو: فائل

پی ایس ایل 5 میں ملتان میں منعقد کیے جانے والے تینوں میچز میں تقریباً 80 ہزار شائقین نے جب اسٹیڈیم کا رخ کیا تو انہوں نے پی ایس ایل کے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے ساتھ پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کے بھی دل جیت لیے۔

ملتان اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کی کثیر تعداد میں آمد پر مقامی اور غیر ملکی کھلاڑی سب ہی معترف رہے۔

اس ضمن میں ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ ’ملتان میں ہمارا قیام یادگار رہا، ملتان کے عوام کی گرم جوشی اور مہمان نوازی کا مشکور ہوں‘۔

اینڈی فلاور نے مزید کہا کہ ملتان اسٹیڈیم کے تینوں میچوں میں شائقین کی تعداد اور ان کا سپورٹ زبردست تھا اور مجھے امید ہے کہ شائقین نے پرفارمنس پر فخر محسوس کیا ہوگا جو ہم ان کے سامنے پیش کی۔

ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ نے ملتان کے اسٹیڈیم کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ تمام میچوں میں اسٹیڈیم کا ماحول سنسنی تھا اور شائقین نے کھیل کے لیے بے حد جذبہ اور محبت دکھایا، میں یقینی طور پر اس اسٹیڈیم کو دنیا کے بہترین اسٹیڈیم میں سے ایک کہہ سکتا ہوں اور میں جلد ہی ملتان آنے کا منتظر ہوں‘۔

واضح رہے کے ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور زمبابوے کے سابق کپتان رہ چکے ہیں جب کہ یہ ماضی میں بھی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی کوچ کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :