Time 03 مارچ ، 2020
دنیا

ایران کے 23 اراکین پارلیمنٹ کورونا وائرس میں مبتلا

— فائل فوٹو

ایران کے  23 اراکین پارلیمنٹ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

چین کے بعد ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وہاں مزید 11 افراد کی ہلاک ہوئے ہیں۔ 

ایران میں مجموعی طور پر اب تک 2336 افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 77 ہے جو کہ چین کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نے سرکاری میڈیا کو بتایا ہے کہ 23 اراکین کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ یاد رہے کہ ایران کی پارلیمنٹ کے اراکین کی تعداد 290 ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ ملک کے ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے سربراہ بھی کورونا وائرس (Covid-19) میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ایرانی فورسز کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ

دوسری جانب ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فورسز کو بھی مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارت صحت سے تعاون کا حکم دیا ہے۔

حکام کے مطابق رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے حکم کے بعد 3 لاکھ فوجیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

ایرانی وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں بڑا طبی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت چھوٹے بڑے علاقوں میں اسپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر استعمال کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک چین میں 2945 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

مزید خبریں :