03 مارچ ، 2020
پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 77 ہوگئی۔
ایران میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک سیکڑوں افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ایرانی وزارت صحت کے نائب سربراہ علی رضا رئیسی نے تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 77 ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مزید 835 افراد میں مہلک کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2336 تک جاپہنچی ہے۔
علی رضا رئیسی کے مطابق صوبہ تہران، قم اور گیلان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے مختلف اسپتالوں میں 8 ہزار 532 افراد زیرعلاج ہیں جن میں سے 5 ہزار 737 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2336 میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔
دوسری جانب ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فورسز کو بھی مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارت صحت سے تعاون کا حکم دیا ہے۔
حکام کے مطابق رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے حکم کے بعد 3 لاکھ فوجیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
ایرانی وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں بڑا طبی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت چھوٹے بڑے علاقوں میں اسپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر استعمال کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک چین میں 2945 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔
چین کے علاوہ مہلک وائرس امریکا، اٹلی، جرمنی اور برطانیہ سمیت 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک 180 سے زائد افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں جبکہ ہزاروں متاثر ہیں۔