Time 03 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا وائرس: ایران میں 11، چین میں ایک اور ڈاکٹر سمیت مزید 33 افراد ہلاک

فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 92 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3130 ہو گئی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق چین کے مقامی میڈیا نے وائرس سے ایک اور چینی ڈاکٹر کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

چینی میڈیا کا بتانا ہےکہ مرنے والا ڈاکٹر کورونا وائرس سے متعلق سب سے پہلے اطلاع دینے والے ڈاکٹر لی کا ساتھی تھا۔

چین میں وائرس کے باعث ملک کے دیگر شہروں سے بیجنگ آنے والوں کے لیے 14 روز کا قرنطینہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

چین میں مزید 33 ہلاکتیں

چینی حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے اور منگل کے روز چین میں 126 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ وائرس سے مزید 33 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد چین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2945 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار سے زائد ہے۔

ایران میں مزید 11 افراد ہلاک

ایران میں کورونا وائرس سے مزید 11 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد وہاں مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے افراد کی 77 ہوگئی۔ ایران چین کے بعد ہلاکتوں کے اعتبار سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہیں۔

ایران میں آج بھی کورونا وائرس کے 935 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثر افراد کی کل تعداد 2336 ہوگئی ہے جن میں سے 436 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

جاپان میں اولمپک مقابلے ملتوی ہونے کا امکان

کورونا وائرس کے باعث جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں رواں سال جولائی میں ہونے والے اولمپک مقابلے بھی ملتوی کیے جانے امکان ہے۔

جاپانی کے وزیر برائے اولمپکس نے کہا ہےکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ جاپان کے معاہدے کے تحت ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک مقابلوں کو رواں سال کے اختتام تک ملتوی کیا جاسکتا ہے۔

وزیر برائے اولمپکس کا کہنا تھاکہ معاہدے میں یہ بات موجود ہےکہ اولمپک مقابلوں کو 2020 میں منعقد کیا جائے اس لیے مقابلے ملتوی کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

جنوبی کوریا میں 31 افراد ہلاک

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں مزید دو ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے جب کہ ملک میں وائرس کے مزید 374 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس سے کیسز کی تعداد 5186 ہوگئی۔

ایکواڈو، ملائیشیا اور سوئٹزرلینڈ میں نئے کیسز رپورٹ

اس کے علاوہ ایکواڈور میں بھی وائرس کے مزید 5 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں بھی مزید 30 فوجیوں میں وائرس کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ وائرس کی وجہ سے مارچ میں ہونے والی فٹبال لیگ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

ملائیشیا میں وائرس کے مزید 6 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کےبعد مجموعی کیسز کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :