دنیا
Time 05 مارچ ، 2020

انسان سے جانور میں کورونا وائرس کی منتقلی کا پہلا کیس سامنے آگیا

فائل فوٹو

انسان سے جانور میں کورونا وائرس کی منتقلی کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ میں کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کے پالتو کتے میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انسان سے جانور میں اس وائرس کے منتقل ہونے کا یہ پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

ہانگ کانگ کی شہری 60 سالہ خاتون کے چھوٹے پالتو کتے کو جانوروں کے قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا جہاں اس کے وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تاہم کتے میں وائرس کے انفیکشن کی شدت کم بتائی گئی ہے۔

ہانگ کانگ کے حکام کا کہنا ہےکہ ماہرین اور جانوروں کی صحت کی عالمی تنظیم اس بات پر متفق ہیں کہ یہ وائرس کے انسان سے جانور میں منتقلی کا کیس ہے۔

حکام کے مطابق کتے میں وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

ہانگ کانگ کی حکومت نے وائرس کی روک تھام کے لیے نئے اقدمات بھی شروع کردیے ہیں جس کے تحت وائرس سے متاثرہ تمام جانوروں کو لازمی طور پر 14 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا جب کہ ہانگ کانگ میں وائرس سے متاثر ہونے والے دو کتوں کو پہلے ہی آئسولیشن میں رکھا جاچکا ہے۔

ہانگ کانگ حکام کا کہنا ہےکہ وائرس کی روک تھام کے لیے کتوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں گے اور ان کے ٹیسٹ منفی آنے پر ہی انہیں مالکان کے حوالے کیا جائے گا۔

مزید خبریں :