پاکستان میں کورونا وائرس کا چھٹا کیس سامنے آگیا

پاکستان میں کورونا وائرس کا چھٹا کیس سامنے آگیا اور یہ نیا کیس صوبہ سندھ میں سامنے آیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کے چھٹے مریض کا تعلق سندھ ہے اور مریض کی حالت مستحکم ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے بھی صوبے میں کورونا وائرس کے نئے کیس کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ کراچی میں 69 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص 25 فروری کو ایران کا سفر کرکے وطن واپس آیا تھا اور اسے محکمہ صحت مسلسل مانیٹر کررہا تھا۔

متاثرہ شخص میں وائرس کے اثرات نمودار ہونے پر اس کا نمونہ لیا گیا جس میں وائرس کی تشخیص ہوگئی جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ 

خیال رہے کہ اب تک ملک میں کراچی میں 3 ، اسلام آباد میں 2  جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے اور تمام متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔

حکومت پاکستان نے ایران میں وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ملک میں حفاظتی اقدامات کے تحت بلوچستان کے ضلع تفتان سے پاک ایران بارڈر بند کررکھا ہے جب کہ چمن سے پاک افغان بارڈر بھی بند ہے۔

اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے مزید 32افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد دنیا بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 285 ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 95 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :