جیو انٹرٹینمنٹ اور سیونتھ اسکائی نے خلیل الرحمان قمر کے ساتھ معاہدہ معطل کردیا

جیو انٹرٹینمنٹ اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے ایک خاتون کے ساتھ بدزبانی پر معافی مانگنے تک مصنف خلیل الرحمان قمر کے ساتھ اپنا معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جیو انٹرٹینمنٹ اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ نے 4 ڈرامہ سیریلز اور ایک فلم کا اسکرپٹ لکھنے کے لیے خلیل الرحمان قمر سے معاہدہ کیا تھا جو کہ نان ایکسکلوزو معاہدہ تھا جیسا کہ ان کا دیگر ٹی وی چینلز کے ساتھ بھی موجود ہے۔

جیو  نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "جیو خیالات کے تبادلے اور جیو اور جینے دو کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ ہر کسی کو اپنے خیالات کے اظہار کا پورا حق ہے اور ہم سمجھتے ہیں ایک توانا بحث کے کلچر کو فروغ ملنا چاہیے مگر یہ بحث شائستگی اور ہر کسی کی عزت کے اصولوں کے ساتھ ہونی چاہیے۔خلیل الرحمان قمر نے نہ صرف ایک خاتون کے ساتھ بدزبانی کی بلکہ اپنی غلطی ماننے اور اس پر معافی مانگنے سے بھی انکار کیا۔ اسی لیے جیو انٹرٹینمنٹ کی انتظامیہ نے ان کے ساتھ کیا جانے والا معاہدہ معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔"

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "جیو  بحث مباحثے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے چاہے اس میں خود جیو پر تنقید بھی کیوں نہ شامل ہو۔"

یاد رہے کہ معروف مصنف خلیل الرحمان قمر  نے گزشتہ دنوں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں ایک خاتون کے ساتھ عورت مارچ  کے معاملے پر بحث کے دوران بدزبانی کی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پر بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید خبریں :