Time 06 مارچ ، 2020
دنیا

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 31 ہوگئی

فوٹو: بشکریہ انڈیا نیوز

نئی دہلی: بھارت میں بھی کورونا وائرس کے کیسز  میں اضافہ ہورہا ہے اور  وہاں تعداد 31 تک جا پہنچی ہے۔

بھارتی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں تھائی لینڈ اور ملائیشیا کا دورہ کرنے والے دہلی کے رہائشی میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد مریض کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیا کیس سامنے آنے کے بعد بھارت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 31 ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ مریض کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔

عوامی اجتماعات ملتوی کرنے کی ہدایت

بھارتی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو عوامی اجتماعات سے گریز کرنے اور پہلے سے طے شدہ بڑے پروگرام ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث فوج کو بھی ایمرجنسی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بھارت میں وزارت صحت اور عالمی ادارہ صحت کے ساتھ کورونا وائرس کے حوالے سے ٹریننگ پروگرام کیے جارہے ہیں۔

مودی نے برسلز کا دورہ ملتوی کردیا

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی برسلز کا دورہ ملتوی کردیا ہے جہاں انہیں انڈیا یورپ سمٹ میں شرکت کرنا تھی۔

بھارتی میڈیا کےمطابق وائرس سے متاثرہ اٹلی کے 16 شہریوں کو دہلی میں قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا ہے جو بھارت میں وائرس سے متاثرہ افراد کا سب سے بڑا گروپ ہے۔

نئی دہلی میں 31 مارچ تک اسکولوں میں تعطیلات

وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے نئی دہلی میں پرائمری اسکولوں میں 31 مارچ تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت دہلی کے تمام سرکاری اور نجی اسکولز بند رہیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارت  کے پڑوسی ملک بھوٹان میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے جہاں امریکی سیاح میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بھوٹان کی پرواز میں سوار 8 بھارتی شہریوں کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 58 ہزار تجاوز کرگئی ہے اور 98 ہزار سے زائد وائرس سے متاثر ہیں۔

مزید خبریں :