Time 05 مارچ ، 2020
دنیا

’کورونا وائرس پورے ایران میں پھیل گیا‘

ایران میں سپریم لیڈر آیت خامنہ ای کے مشیر محمد میر محمدی سمیت 92 افراد اب تک ہلاک اور 2 ہزار 922 متاثر ہو چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ملک کے تمام صوبوں میں پھیل چکا ہے۔

گزشتہ برس دسمبر کے آخر میں چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس منظر عام پر آیا تھا، جہاں دسمبر سے اب تک 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جب کہ ایران نے رواں برس 19 فروری کو کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی جہاں اب تک 92 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت خامنہ ای کے مشیر محمد میر محمدی بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں جب کہ 2 ہزار 922 افراد اب تک متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس کے زیادہ تر کیسز قم، مشہد اور تہران سے سامنے آئے تھے۔

اب ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ملک کے تمام صوبوں میں پھیل چکا ہے۔

ایران کے صدارتی آفس کی سرکاری ویب سائٹ سے جاری بیان کے مطابق صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ وبا بہت بڑے پیمانے پر پھیل چکی ہے لیکن ہم کم سے کم اموات کے ساتھ اس وبا پر قابو پا لیں گے۔

ایران وائر خبر ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ایران کے اول نائب صدر اسحاق جہانگیری بھی شامل ہیں تاہم سرکاری سطح پر ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

ایران کی نائب صدر برائے خواتین بھی کورونا وائرس کے متاثرین میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کئی اراکین پارلیمنٹ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ایران نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر کے تمام صوبائی دارالحکومتوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

دوسری جانب ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فورسز کو بھی مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارت صحت سے تعاون کا حکم دیا ہے۔

حکام کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے حکم کے بعد 3 لاکھ فوجیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ایرانی وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں بڑا طبی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت چھوٹے بڑے علاقوں میں اسپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر استعمال کی جائیں گی۔ 

مزید خبریں :