Time 06 مارچ ، 2020
پاکستان

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ پہلا مریض صحتیاب ہوگیا جسے جلد اسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے کورونا وائرس کے باعث زیر علاج شخص کو صحت مند قرار دے کر اسپتال سے فارغ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نوجوان کے کورونا وائرس کے حوالے سے کیے گئے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور نوجوان کو جلد اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے مریض کے حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

یحییٰ جعفری کے 3 بار کورونا وائرس کی تصدیق کے ٹیسٹ ہوئے، ترجمان محکمہ سندھ

اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے بھی تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کا پہلا مریض یحییٰ جعفری صحت یاب ہوگیا ہے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھکے مطابق  یحییٰ جعفری میں 10 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور اس کے 3 بار کورونا وائرس کی تصدیق کے ٹیسٹ ہوئے۔

ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں یحییٰ جعفری میں بیماری کی کوئی علامات نہیں آئیں، آج دوبارہ ٹیسٹ منفی آنے پر مریض کو گھر بھیج دیاجائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور ایک 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جسے فوری طور پر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھ دیا گیا تھا۔

26 فروری کو ہی وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دوسرے کیس کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ کورونا وائرس کا دوسرا کیس اسلام آباد میں سامنے آیا ہے، متاثرہ شخص کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 6 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ متاثرہ تمام افراد نے ایران کا سفر کیا تھا۔

اب تک کراچی میں 3، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

مختلف ممالک میں کورونا کی صورتحال

دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے ایک لاکھ 679 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 3412 افراد ہلاک اور 55989 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

دنیا میں سب سے زیادہ 80 ہزار 559 کیسز صرف چین میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

چین میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 53 ہزار 929 ہے جبکہ 23 ہزار 588 افراد زیر علاج ہیں اور وائرس سے 3 ہزار 42 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ جانی نقصان اٹلی میں ہوا جہاں اب تک 148 لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ 3858 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 414 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 3296 افراد زیر علاج ہیں۔

ہلاکتوں کے اعتبار سے تیسرا سب سے زیادہ متاثر ملک ایران ہے جہاں آج بھی 1234 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 747 ہوگئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 124 تک پہنچ گئی ہے۔ ایران میں 913 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 3710 افراد زیر علاج ہیں۔

مزید خبریں :