یورپی یونین کا پاکستانی مصنوعات کیلئے مراعات برقرار رکھنے کا فیصلہ

جی ایس پی پلس سے معاشی و اقتصادی صورتحال بہتر ہوگئی لہٰذا برآمدکنندگان جی ایس پی پلس سے فائدہ اٹھائیں: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد— فوٹو:فائل 

یورپی یونین نے پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی کے لیے مراعات برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ جی ایس پی پلس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک رسائی پر دی جانے والی مراعات جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رکھنے پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 

رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ جی ایس پی پلس سے معاشی و اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی، برآمد کنندگان جی ایس پی پلس سے فائدہ اٹھائیں اور برآمد کنندگان برآمدات کا دائرہ وسیع کریں۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کے لیے یورپی یونین کے ساتھ معاہدے کی شرائط پر عمل کیا، جی ایس پی پلس کے لیے اقدامات کو یقینی بنانے پرمتعلقہ وفاقی اورصوبائی اداروں کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2014 میں جی ایس پی پلس کا درجہ دیا گیا، جی ایس پی پلس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں میں ڈیوٹی فری رسائی دی گئی۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق جی ایس پی پلس کے بعد یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں 66 فیصد اضافہ ہوا اور پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کی سہولت 2024 تک جاری رہے گی۔

حکام نے بتایا کہ پاکستان کا اگلا جی ایس پی پلس جائزہ جنوری 2022 میں ہوگا جبکہ اگلے ماہ یورپی کمیشن پاکستان آئے گا۔

مزید خبریں :