آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ تیار: وجہ بدانتظامی اور بحران مصنوعی قرار

ملک میں گزشتہ دنوں آنے والے آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے جس میں بحران کو مصنوعی اور بدانتظامی کو وجہ قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملک میں آٹا بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف آئی اے کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی گئی ہے جب کہ وفاقی حکومت نے بحران سے متعلق رپورٹ صوبوں سے بھی شیئر کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی رپورٹ میں حالیہ آٹا بحران کو مصنوعی قرار دیا گیا اور بدانتظامی کو آٹا بحران کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں گندم کا کوئی بحران نہیں تھا، مصنوعی طور پر گندم کی قلت پیدا کی گئی، ملک میں اب بھی 2.1 ملین میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔

گزشتہ روز قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں ہونے والے چینی چوری کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کی دراز میں بند ہے لیکن عمران نیازی کی آنکھیں اور کان بند ہیں۔

خیال رہے کہ 11 فروری کو گندم بحران کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی تھی جسے وزیراعظم نے اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا۔

15 فروری کو لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے بھی اعتراف کیا کہ ملک میں آٹے اور چینی کا بحران ہماری کوتاہی کی وجہ سے پیدا ہوا، اس معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں، جو بھی اس میں ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :