06 مارچ ، 2020
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ چینی اہم حکومتی شخصیت نے برآمد کی۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ’عمران نیازی کی آنکھیں اور کان بند ہیں، عمران نیازی کے اپنے فارمولے کے مطابق وزیراعظم چور ہے، حقائق اور شواہد بتا رہے ہیں کہ حکومت کو صرف مال کمانے سے دلچسپی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران نیازی کے ارد گرد بیٹھے حواری چینی کی قیمت بڑھا کر مال کما رہے ہیں‘۔
شہبازشریف کہنا تھا کہ چینی چوری کی تحقیقاتی رپورٹ عمران خان کی دراز میں بند ہے، یہ رپورٹ عوام کے سامنے نہیں آ رہی، عمران قیمتوں میں کمی کے جھوٹے ٹوئٹ کر رہے ہیں،چینی کی قیمت میں مزید 2 روپے فی کلو اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گندم اور چینی کے بحران کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے کا واضح اشارہ دیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے قریبی رفقاء کو تحقیقاتی رپورٹ جلد منظر عام پر لانے سےآگاہ کر دیا ہے اور کہا ہے کہ گندم اور چینی کے بحران میں ملوث کسی شخص کو معافی نہیں ملے گی۔
خیال رہے کہ دسمبر اور جنوری 2020 میں ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا تھا جس کے بعد کراچی، حیدرآباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیا ہے اور آٹے کے بحران سے نمٹنے کیلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی ہے جب کہ حکومت نے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم نے بحران کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی اور وزراء کو بحران کی وجوہات جاننے کا ٹاسک سونپا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ملک میں جاری آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوادی گئی ہے جس کے مطابق آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا جس میں افسران اور بعض سیاسی شخصیات بھی ملوث ہیں۔