Time 07 مارچ ، 2020
پاکستان

چین سے پاکستان آنے والے بحری جہاز کو بھارت میں روکنے کی مذمت

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ  پاکستان آنے والے چینی بحری جہاز کو بھارت میں تحویل میں لیے جانے کا نوٹس لے لیا ہے، جہاز میں فوجی استعمال کے سامان کے بارے میں بھارتی دعوٰی بے بنیاد ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان آنے والے چینی بحری جہاز پر صنعتوں کی بھٹیوں کے لیے استعمال ہونے والا سامان ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بحری جہاز پر لدا سامان بین الاقوامی ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں، تمام متعلقہ دستاویزات میں سامان کی پوری تفصیل ظاہر کی گئی ہے۔

عائشہ فاروقی کے مطابق بھارتی دعوے کے برعکس سامان کے حوالے سے کوئی چیز نہیں چھپائی گئی اور سامان کے فوجی استعمال کے بارے میں بھارتی دعوٰی بے بنیاد ہے۔

ان کا مزیدکہنا ہے کہ  جہاز ران کمپنی نے بحری جہاز کے معاملے پر پاکستان سے رابطہ کیا ہے، اس طرح کی کئی بھٹیاں پاکستان سمیت کئی ممالک میں استعمال ہورہی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق 3 فروری کو  کسٹم حکام نے ہانگ کانگ سے پاکستانی بندرگاہ پورٹ قاسم کراچی جانے والے ایک جہاز کو  تحویل میں لیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس جہاز میں ایسا سامان لے جایا جارہا تھا جو  فوجی سازو سامان بنانے میں استعمال ہوسکتا ہے۔

گزشتہ روز چینی وزارت خارجہ نے بھی بھارتی دعووں کی تردید کی تھی۔

مزید خبریں :