گورنر سندھ نے کراچی میں شیرشاہ سوری سگنل فری روڈ کا افتتاح کردیا

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں شیر شاہ سوری سگنل فری روڈ کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے شرکت کرنا تھی تاہم خراب موسم کے باعث وہ کراچی نہ پہنچ سکے۔ 

گورنر سندھ نے شیرشاہ سوری سگنل فری روڈ کا افتتاح کیا جس کے تحت فائیواسٹار، کے ڈی اے چورنگی اور سخی حسن چورنگی پر فلائی اوورز بنائے گئے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے وفاق کی جانب سے کراچی کےلیے تحفہ ہیں جس پر وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم آنے کے لیے تیار تھے لیکن موسم کی خرابی کے باعث نہ آسکے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سکھرحیدرآباد موٹروے پر 210 ارب روپے وفاقی حکومت لگارہی ہے، این ایف سی ایوارڈ سے فنڈز نہیں کاٹے جائیں گے، این ایف سی ایوارڈ سے ہٹ کر وزیراعظم کراچی کو فنڈز دے رہے ہیں۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ 5 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے جارہے ہیں جن سے کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت کی جائے گی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے میئر حیدرآباد کو سڑکوں کی مرمت کے لیے بھی ایک ارب روپے دیے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب سے خطاب کیا۔ 

مزید خبریں :