07 مارچ ، 2020
کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی صنعتیں مشکلات سے دوچار ہیں جس کے سبب مانگ میں کمی کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گذشتہ چند برسوں میں کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تیل برآمد کرنے والے 14 ممالک پر مشتمل تنظیم اوپیک تیل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے خام تیل کی پیداوار میں کمی لانا چاہتی تھی تاہم روس (جو کہ اوپیک کا رکن نہیں ہے) نے اوپیک کا مشورہ ماننے سے انکار کردیا۔
روس کے انکار کے بعد اوپیک ممالک نے بھی اپنی پیداوار کم کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں واضح کمی آئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے اختتام پر برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 9.4 فیصد کم ہو کر45.27 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے جو کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران کم ترین سطح ہے جب کہ دسمبر 2008 کے بعد سے ایک دن میں تیل کی قیمت میں یہ سب سے بڑی کمی ہوئی ہے۔
امریکی خام تیل کی قیمت 10.1 فیصد کم ہوکر41.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے جو کہ گذشتہ 5 سالوں کی کم ترین سطح ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پہلے ہی 30 فیصد کم ہوچکی ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھرمیں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس وائرس سے اب تک 3 ہزار552 سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس کے معاشی طور پر بھی نہایت منفی اثرات سامنے آرہے ہیں اور سیاحت و ائیرلائنز انڈسٹریز میں ماہانہ50 ارب ڈالرز سے زائد نقصان کا اندیشہ ہے۔