Time 08 مارچ ، 2020
پاکستان

نااہل اور نالائق لوگ حکمرانی کے قابل نہیں: بلاول کی حکومت پر تنقید

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نااہل اور نالائق لوگ ہیں جو حکومت کرنے کے قابل نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی حکومتوں میں تنخواہوں میں اضافہ ہوتا ہے نہ پنشن بڑھتی ہے، دونوں جماعتوں کی حکومتوں میں غریبوں کو سبسڈی نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں تنخواہیں بڑھتی ہیں، پنشن میں اضافہ ہوتا ہے، پی پی پی غریب اور کمزور طبقے پر پیسہ خرچ کرتی ہے اور ہر طبقہ خوشحال ہوتا ہے۔

بلاول نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ نااہل اور نالائق لوگ حکومت کے قابل نہیں، یہ تو آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی نہیں کرسکتے، عوامی نمائندے ہی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے یہ سلیکٹڈ، نااہل اور نالائق حکومت اقتدار میں آئی ہے تب سے، اس ملک کے کسان، مزدور اور غریب طبقات پر ظلم اور معاشی بوجھ ڈال رہی ہے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی دوسری حکومت اقتدار میں آتی ہے تو ارب پتی لوگوں کے لیے اربوں روپے کے بیل آؤٹس دیے جاتے ہیں مگر غریب عوام کے لیے کوئی پیکجز نہیں دیے جاتے۔

خیال رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ان دنوں لاہور میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کئی تقریبات میں شرکت کی ہے۔

مزید خبریں :