دنیا
Time 09 مارچ ، 2020

اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 133 افراد ہلاک، متاثرہ علاقوں کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ

حکومت کے اِس اقدام سے تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا— فوٹو: فائل 

اٹلی میں کورونا وائرس سے خطرناک صورتحال پیدا ہوتی جارہی ہے اور ایک روز میں مہلک وائرس نے 133 افراد کی جان لے لی ہے۔

چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے یورپی ملک اٹلی میں خطرناک صورتحال پیدا کردی ہے جہاں مہلک وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 133 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 366 تک جاپہنچی ہے۔

حکام نے بتایا کہ 1492 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7375 ہوگئی ہے۔

خطرناک صورتحال کے بعد اٹلی کی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شمالی اٹلی اور دیگر 14 صوبوں کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اٹلی کے وزیراعظم جوزپے کونٹے  نے حکمنامے پر دستخط کیے ہیں۔ حکومت کے اِس اقدام سے تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور یہ قرنطینہ 3 اپریل تک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متاثرہ شہروں میں داخلے اور نکلنے پر پابندی ہوگی، جس کی خلاف ورزی پر3 ماہ قید کی سزا اور 206 یورو جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حکومتی فیصلے سے میلان اور سیاحتی مقام وینس بھی متاثرہوں گے۔

اٹلی کی حکومت نے اسکولز اور یونیورسٹیز پہلے ہی 15 مارچ تک بند کررکھی ہیں تاہم اب عوامی اجتماعات، کھیل اور مذہبی تقریبات بھی منسوخ کردی ہیں۔

خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے اب تک 3 ہزار 98 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

چین کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 704 تک جاپہنچی ہے اور ہزاروں افراد مہلک وائرس سے متاثر ہیں۔

مزید خبریں :