Time 08 مارچ ، 2020
دنیا

ایران میں کورونا وائرس سے مزید 49 افراد ہلاک

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں 23 رکن پارلیمنٹ بھی شامل ہیں،فوٹو :اے ایف پی

 ایران میں کورونا وائرس سے مزید 49 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 194 ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے کورونا وائرس سے مزید 49 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

ایرانی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 16 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا ہے جب کہ متاثر ہونے والے ساڑھے 6 ہزار افراد میں سے 2 ہزار 134 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں 23 رکن پارلیمنٹ بھی شامل ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

وائرس سے جاں بحق ہونے والوں میں  ایرانی پارلیمنٹ کی ایک خاتون رکن  فاطمی رہبر بھی شامل ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک کے ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے سربراہ بھی کورونا وائرس (Covid-19) میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ایرانی وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں بڑا طبی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت چھوٹے بڑے علاقوں میں اسپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر استعمال کی جائیں گی۔

 ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فورسز کو بھی مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارت صحت سے تعاون کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ایرانی حکومت کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں اور اسپتالوں کی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 3 ہزار سے تجاوز

خیال رہے کہ کورونا وائرس دنیا کے 102 ملکوں تک پھیل گیا ہے اور دنیا بھر میں موذی وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 661 ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد ہے۔

چین میں اموات کی تعداد میں کافی حد تک کمی آئی ہے جب کہ یورپ اور امریکا میں ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

اٹلی میں اموات کی تعداد 233 ہو گئی ہے، 6 ہزار افراد بیمار ہیں جس کے سبب 11 صوبوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :