Time 08 مارچ ، 2020
پاکستان

کراچی میں ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق، ملک بھر میں تعداد 7 ہوگئی

کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد ملک میں مہلک وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ آج کراچی میں 4 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیےگئے جن میں سے ایک مریض کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور مریض کا تعلق کراچی سے ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نےاب تک 107 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے ہیں جن میں سے 4 مثبت آئے ہیں اور  ایک مریض صحت یاب ہوکر گھر چلاگیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حکام کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے مریض کے قریبی افراد کو بھی چیک کیا جائے۔ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ شخص کے اہل خانہ کو گھر پر ہی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے 7 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے  کراچی میں 4، اسلام آباد میں 2 جب کہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ان مریضوں میں سے  سب سے پہلے سامنے آنے والے کراچی کے یحییٰ جعفری نامی نوجوان کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ  باقی تمام متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 3 ہزار سے زائد

کورونا وائرس دنیا کے 102 ملکوں تک پھیل گیا اور موذی وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 652 ہو گئی ہے۔

چین میں اموات کی تعداد میں کافی حد تک کمی آئی ہے جب کہ یورپ اور امریکا میں ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے

مزید خبریں :