دنیا
Time 09 مارچ ، 2020

نیٹو ہیڈکوارٹرز بھی کورونا سے محفوظ نہ رہ سکا، پہلا کیس سامنے آگیا

متاثرہ مریض حال ہی میں اٹلی میں چھٹیاں گزار کر واپس آیا تھا: نیٹو اعلامیہ— فوٹو:فائل 

یورپی ملک بیلجیم کے شہر برسلز میں قائم نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے ہیڈکوارٹرز میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا مہلک کورونا وائرس دنیا کے 108 ممالک میں پہنچ چکا ہے جس سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

موذی وائرس نے یورپ اور امریکا کو بھی متاثر کیا ہے اور یورپی ملک اٹلی میں ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

کئی یورپی ممالک کے بعد اب بیلجیم کے شہر برسلز میں نیٹو ہیڈکوارٹرز میں بھی ایک رکن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیٹو اعلامیے کے مطابق نیٹو ہیڈ کوارٹرزبرسلز میں کام کرنے والے ایک رکن میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور متاثرہ مریض حال ہی میں اٹلی میں چھٹیاں گزار کر واپس آیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ مریض کو گھر میں ہی آئسولیشن پر رکھا گیا ہے اور اس کے ساتھ کام کرنے والے تمام افراد کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے نیٹو اس سے قبل ہی اپنے عملے کو غیرضروری سفر سے روک چکا ہے اور ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں۔

یاد رہے کہ چین میں کورونا وائرس کے باعث مزید 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دنیا بھر میں موذی وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 800 سے تجاوز کر گئی ہے۔

مزید خبریں :