Time 09 مارچ ، 2020
پاکستان

کیا پی ٹی آئی میں اختلافات کی وجہ سے وزیراعظم کراچی نہیں آئے؟ مرتضیٰ وہاب

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 14 سیٹیں دیں لیکن اِس شہر کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سندھ کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ حیدر آباد میں یونیورسٹی بنائیں گے اور اسلام آباد میں بیٹھ کر حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سنگ بنیاد رکھا لیکن یونیورسٹی کہیں نظر نہیں آرہی، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ کراچی کو 162 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج دیں گے لیکن کراچی کے 162ارب روپے کہاں ہیں؟  پتا نہیں چل رہا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ایک پی ٹی آئی رکن نے دعویٰ کیا کہ کراچی پر پونے 400 ارب روپے خرچ کریں گے لیکن وفاق نے کے ایم سی کو 5 ارب روپے تو کیا 5 روپے بھی نہیں دیے، میئر کراچی بھی کہتے ہیں کہ وفاق سے 5 ارب روپے نہیں ملے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے بار بار غلط اعلان کرتے ہیں، میں تو چاہتا ہوں وفاقی حکومت میئر کراچی کو 5 ارب روپے دے، ہفتے کے روز اعلان کیا گیا وزیراعظم کراچی تشریف لائیں گے اور 20 نئے پروجیکٹس کا بھی افتتاح کریں گے۔

 جس پروجیکٹ کا افتتاح کیا گیا، وہ ماضی کی حکومتوں کے ہیں: مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کیوں کراچی نہیں آئے؟ اس پر سوالیہ نشان ہے، کیا پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات کی وجہ سے وزیراعظم کراچی نہیں آئے؟ جس پروجیکٹ کا افتتاح کیا گیا، وہ ماضی کی حکومتوں کے پروجیکٹس ہیں، کراچی نے پی ٹی آئی کو 14 سیٹیں دیں لیکن اس کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، پی ٹی آئی کے اتحادی بھی ان سے ناراض ہیں، کہا گیا 30 جون تک ایک ارب روپے خرچ کیے گئے وہ کہاں خرچ ہوئے؟ بتایا جائے۔

مرتضیٰ وہاب نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو فوری طور پر ترقیاتی پیکج دیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو پتا ہے بلدیاتی انتخابات ہونے ہیں، اس لیے رقم منتقل نہیں کی جارہی، تحریک انصاف کے ایم سی کو پیسے نہیں دینا چاہتی، این ایف سی کی مد حکومت سندھ کو پیسے نہیں دیے جارہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا ٹرانسپورٹ میں ناکامی کا اعتراف

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اعتراف کیا کہ ٹرانسپورٹ سے متعلق ہماری کارکردگی اتنی اچھی نہیں رہی۔ 

انہوں نے کہا کہ جس طرح محکمہ ٹرانسپورٹ میں کام ہونا چاہیے تھا ہم نہیں کرسکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کو کراچی میں شیر شاہ سوری سگنل فری روڈ کا افتتاح کرنا تھا تاہم ان کا دورہ منسوخ ہونے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے افتتاح کیا تھا۔

گورنر سندھ نے شیرشاہ سوری سگنل فری روڈ کا افتتاح کیا جس کے تحت فائیواسٹار، کے ڈی اے چورنگی اور سخی حسن چورنگی پر فلائی اوورز بنائے گئے ہیں۔

مزید خبریں :