ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز کا بل قومی اسمبلی میں پیش

حکومت نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز کا ترمیمی بل 2020ء ایوان میں پیش کردیا۔ 

 اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے مختلف بلز پیش کیے گئے۔

اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے  ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز کا ترمیمی بل 2020ء ایوان میں پیش کیا۔

بل کے تحت ارکان پارلیمنٹ کو  فضائی سفر کے جو سالانہ 25 واؤچرز ملتے ہیں ان پر ممبران کے اہلخانہ بھی سفر کرسکیں گے۔ 

اس موقع پر علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اس سے  قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے آرٹیکل 89 میں ترمیم کےلیے ترمیمی آرڈیننس 2019 پیش کیا جب کہ ایوان میں انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس میں پاکستان تحقیقاتی کونسل برائے صحت ترمیمی بل 2020 ،اسلام آباد میں رفاہی اداروں کی رجسٹریشن اور پاکستان اسلحہ ترمیمی بل 2020 بھی پیش کیا گیا،تمام بلز متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھیج دیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :