کورونا وائرس : اجتماع مؤخر کرنے کی درخواست کے باوجود رائیونڈ تبلیغی اجتماع شروع

ضلعی انتظامیہ نے منتظمین سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اجتماع مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی— فوٹو:فائل

تبلیغی جماعت نے لاہور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے خدشے پر رائے ونڈ اجتماع مؤخر کرنے درخواست سے قطع نظر اجتماع شروع کردیا ہے۔

کمشنر لاہور سیف انجم کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے پر ضلعی انتظامیہ نے تبلیغی اجتماع کے منتظمین سے مذاکرات کرکے انہیں آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے درخواست کی کہ کورونا وائرس کے خدشے پر اجتماع مؤخر کیا جائے لیکن منتظمین نے اجتماع شروع کردیا ہے۔

کمشنر کے مطابق اجتماع کے لیے 10 بشتروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ بنادیاہے جبکہ اجتماع میں شریک ملکی اور غیرملکی افراد کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے آج مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں تصدیق شدہ متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق نئے آنے والے کیسز میں سے ایک کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا کراچی سے ہے جب کہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

کراچی میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 14 ہوچکی ہے جن میں سے 2 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :