پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز کی تصدیق، مجموعی تعداد 19 ہوگئی

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں تصدیق شدہ متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق نئے آنے والے کیسز میں سے ایک کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا کراچی سے ہے جب کہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

کراچی میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 14 ہوچکی ہے جن میں سے 2 مریض صحت یاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔

 حکام کے مطابق پہلا کیس حیدرآباد میں سامنے آیاہے، متاثرہ شخص شام کے راستہ دوحا سے پاکستان آیا جب کہ متاثرہ دوسرا شخص دبئی کے راستے ایران سے کراچی آیا ہے۔

کوئٹہ میں بھی کورونا وائر س کا پہلا کیس سامنے آگیا

بعد ازاں کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیر علاج 12 سالہ علی رضا میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اسپتال کی میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) کے مطابق متاثرہ بچہ والدین کے ساتھ پاک ایران سرحدی علاقے تفتان سے کوئٹہ پہنچا تھا تاہم بچے کے والدین میں مہلک وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ایم ایس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچے کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق 12 سالہ علی رضا اپنے گھر والوں کے ہمراہ ایران سے آیا تھا جو تفتان کوارنٹائن سینٹر میں مقیم تھا جسے گزشتہ روز کوئٹہ منتقل کیا گیا اور آج بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

کورونا وائرس کے نئے نئے کیس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں اب تک سندھ سے 15، اسلام آباد سے 2، گلگت بلتستان اور  کوئٹہ سے ایک ایک کیسز سامنے آچکے ہیں۔ 

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت نے کراچی میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور تعلیمی ادارے لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کی ہے۔

صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں محکمہ صحت سندھ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھی شریک ہوئے، اجلاس میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا اور اس دوران بعض اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

محکمہ صحت نے ائیرپورٹ پورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے کراچی آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔

اس کے علاوہ تمام نجی و سرکاری اسپتالوں میں فرنٹ لائن ڈیسک بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فرنٹ لائن ڈیسک کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کرے گی۔

پی ایس ایل طرز پر عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی تجویز

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں عوامی اجتماعات نہ کرانے سے متعلق ایڈوائزری جاری کی جائے گی جب کہ پی ایس ایل کی طرز پر ہونے والے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایاکہ وزیراعلیٰ سندھ سے تمام تعلیمی اداروں کو لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو گڈاپ میں قائم اسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مزید خبریں :