Time 10 مارچ ، 2020
دنیا

سعودیہ میں کورونا کے مزید 5 کیسز، امارات، بحرین اور مصر سے شہریوں کو واپس بلالیا

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 5 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 20 ہوگئی۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں نئے تصدیق شدہ کورونا وائرس کے کیسز میں 4 مقامی اور ایک مصری شہری شامل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 5 میں سے 4 کیسز مشرقی صوبے اور ایک مکہ میں سامنے آیا ہے جبکہ متاثرہ 3 سعودی شہری ایران اور عراق سے وطن واپس لوٹے تھے۔

حکام نے بتایا کہ مشرقی صوبے سے ہی تعلق رکھنے والے چوتھے مریض میں بھی علامات تھیں جسے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جس کا منگل کو ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ پانچویں مریض کا تعلق مصر سے ہے جو چند روز قبل ہی مملکت میں پہنچا تھا۔

حکام کے مطابق متاثرہ مریضوں کو قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی نگہداشت کی جارہی ہے جبکہ متاثرہ افراد سے میل جول رکھنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

امارات، بحرین اور مصر سے سعودی شہریوں کو فوری واپسی کی ہدایت

دوسری جانب سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر میں مقیم اپنے شہریوں کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک میں واپس آنے کی ہدایت کردی ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات سمیت 14 ممالک پر عارضی طور پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں اور فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیا ہے۔

متحدہ عرب امارات سے بھی فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد سعودی حکام اور ایمریٹس ائیرلائنز کے درمیان صرف سعودی شہریوں کو واپس مملکت لانے کا معاہدہ ہوا ہے۔

معاہدے کے مطابق 12 سے 15 مارچ تک 3 خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی شہریوں کو جدہ، ریاض اور دمام واپس لایا جائے گا۔

5 لاکھ سے زائد افراد کی اسکریننگ

اُدھر  سعودی کابینہ کا کہنا ہے کہ 5 لاکھ سے زائد افراد کی اسکریننگ کی گئی جن میں سے 2 ہزار 32 افراد کو گھروں میں ہی احتیاط کا کہا گیا جبکہ 468 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

مشرقی صوبے کے شہر قطیف میں 11 کیسز سامنے آنے کے بعد عارضی طور پر لاک ڈاؤن کیا گیا اور پوری آبادی کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

قطیف میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جبکہ فوجی مراکز کو بھی بند رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب پہلے ہی عمرے کے لیے آنے والے زائرین پر پابندی عائد کرچکا ہے جبکہ مقامی شہریوں کے بھی مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔

مزید خبریں :