دنیا
Time 11 مارچ ، 2020

کورونا سے چین سمیت دیگر ممالک میں مزید 26 افراد ہلاک

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 300 ہو گئی، چین کے علاوہ امریکا، جنوبی کوریا، انڈونیشیا اور پاناما میں بھی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

چین سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں خطرناک کورونا وائرس سے مزید 26 افراد ہلاک ہو گئے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 29 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

چینی حکام کے مطابق ملک میں کووڈ 19 وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 158 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار 783 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 61 ہزار 499 افراد کو صحتیاب ہونے کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا ہے جب کہ 4 ہزار 992 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

چین کے علاوہ جنوبی کوریا، امریکا، انڈونیشیا اور پاناما میں بھی ایک ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 245 تک پہنچ گئی ہے جب کہ اموات 4 ہزار 300 ہو گئی ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہو گئی ہے جس میں سے 2 صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں جب کہ 17 افراد مختلف شہروں میں زیر علاج ہیں۔

اقوام متحدہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے دیگر ممالک کے لیے ایک مثال قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں چین کے صوبے ہوبئی سے منظر عام پر آنے والا کورونا وائرس دنیا کے 119 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے اور ابھی تک سائنسدان کورونا وائرس کی وجوہات جاننے سے قاصر ہیں۔

مزید خبریں :