دنیا
Time 11 مارچ ، 2020

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے چین کے اقدامات قابل تحسین ہیں: عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی اقدامات کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

کورونا وائرس چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوا تھا جس کے بعد غیر معمولی طور پر کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے تھے ، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے چینی حکومت کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کی ہر ممکن کوشش کی گئی جس سے چین میں کیسز میں اب نمایاں کمی واقع ہوگئی ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 80778 ہے جس میں سے 61484 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 3158 ہوچکی ہے۔

 کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی اقدامات پر عالمی ادارہ صحت کے سر براہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین میں کورو نا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، بہت خوشی ہے کہ یہ وائر س پر حملہ ہوا ہے اور یہ واپس پلٹ رہا ہے۔

 عالمی ادارہ صحت کے سر براہ نے کہا کہ کورونا وائر س سے نمٹنے کے لیے چین کی کوششیں متاثر کن ہیں، ساتھ ہی وائرس کی شناخت اور دنیا کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے پر چین کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے کووڈ-19 کے لیے دنیا کو جانچ، تشخیص اور دیگر رد عمل کی تیاری کے قابل بنا دیا ہے اور چین کے یہ اقدامات دنیا کو کورونا سے مقابلے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں اب صورتحال بہتر ہورہی ہے جب کہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے ہوبئی میں سفری  پابندیوں میں نرمی برتی جارہی ہے۔

مزید خبریں :