اب بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی ہوگی: اسد عمر

فائل فوٹو: اسد عمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی ہوگی اور  توانائی کی قیمت میں کمی سے معیشت اور انڈسٹری کو فائدہ ہو گا۔

اسلام آباد میں ایک مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ 2008 کے معاشی بحران کے بعد منصوبہ بندی کی اہمیت میں اضافہ ہوا، ملکی ترقی میں منصوبہ بندی کا اہم کردار ہے، ماضی میں منصوبہ بندی نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 50 سال میں معیشت کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل ہوا، معیشت میں تبدیلیوں کے باوجود منصوبہ بندی کا کردار کم نہیں ہوا، وزارت منصوبہ بندی کی استعدادکار بڑھانے سے ہی مرکزی کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ معیشت میں ریاست کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، تیل کے ذخائر کے باوجود 60 کی دہائی میں خلیجی ممالک غربت کا شکار تھے، ریاست کے مرکزی کردار سے ہی خلیجی ممالک غربت سےنکلے، موجودہ دورمیں چینی معیشت منصوبہ بندی کی بہترین مثال ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو معیشت دیوالیہ تھی، ہم 3 سالہ ترقیاتی اسٹریٹجی پر کام کر رہے ہیں کیونکہ معیشت کے استحکام کے لیے طویل مدتی اصلاحات واحد حل ہیں۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ اب بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مستقبل میں کمی ہوگی، توانائی کی قیمت میں کمی سے معیشت اور انڈسٹری کو فائدہ ہو گا۔

مزید خبریں :