فیکٹ چیک: کیا ہیری پوٹر کورونا سے متاثر ہونے والی پہلی فلمی شخصیت ہیں؟

شہرہ آفاق ہیری پوٹر کا کردار ادا کرنے والے ہالی وڈ اداکار ڈینیل ریڈ کلف—فوٹو فائل

شہرہ آفاق ہیری پوٹر کا کردار  ادا کرنے والے ہالی وڈ اداکار ڈینیل ریڈ کلف کے کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے کا دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا گیا۔

ہالی وڈ اداکار ڈینیل ریڈ کلف سے متعلق بی بی سی نیوز ٹونائٹ نام سے منسوب ایک فیک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ پوسٹ کی گئی جس میں لکھا گیا کہ ڈینیل ریڈکلف کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

مذکورہ ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا کہ یہ اداکار پہلی مشہور شخصیت ہیں جس کے کیس کی عوامی سطح پر تصدیق کی گئی ہے۔

بی بی سی نیوز ٹونائٹ نام سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ کی اس پوسٹ کو 762 مرتبہ شیئر کیا گیا اور ہزار سے زائد صارفین نے لائکس پر کلک کیا جب کہ یہ اکاؤنٹ 2017 سے اپڈیٹ بھی نہیں کیا گیا تھا۔

بعدازاں ڈینیل ریڈ کلف کے ترجمان نے ٹوئٹر کو بذریعہ ایک ای میل اسے جھوٹی خبر قرار دیا اور کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔

ادھر ٹوئٹر ترجمان نے بھی اس خبر کی تردید کرتے ہوئے مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کو جعلی قرار دیا اور اسے ہمیشہ کے لیے معطل کر دیا۔

ٹوئٹر ترجمان کا کہنا تھا کہ بی بی سی کے نام سے منسوب جھوٹے اکاؤنٹ کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ہمیشہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ٹوئٹر کے قانون کے مطابق کسی بھی صارف کو جھوٹی معلومات، غیر اخلاقی پوسٹ یا پھر کسی کو گمراہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، ایسا کرنے کی صورت میں کمپنی ضرور ایکشن لیتی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس اب تک 119 ممالک اور علاقوں تک پھیل چکا ہے اور اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 19 سے بڑھ چکی ہے جب کہ 4300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس وائرس سے متعلق انٹرنیٹ پر بے شمار غلط اور جعلی معلومات کی بھرمار ہے جن سے صارفین کو بچنا نہایت ہی ضروری ہے۔

مزید خبریں :