11 مارچ ، 2020
ایران میں کورونا وائرس سے مزید 63 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں مزید 63 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 958 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 9000 تک پہنچ گئی ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے 20 مارچ کو ایران کے نئے سال (جشن نوروز) کی تقریبات سے خطاب منسوخ کر دیا ہے کیونکہ ایران کی وزارت صحت نے ملک بھر میں ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کے صدر حسن روحانی کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مہم کا سربراہ مقرر کر دیا ہے جب کہ ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف پوری حکومت برسرپیکار ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں سرکاری سطح پر 19 فروری کو کورونا وائرس کی تصدیق کی تھی۔