دنیا
Time 11 مارچ ، 2020

برطانیہ کی نائب وزیر صحت بھی کورونا وائرس میں مبتلا

برطانوی وزیر صحت نیڈین ڈوریس بھی مہلک کورونا وائرس میں مبتلا—فوٹو فائل 

لندن:  برطانوی رکن پارلیمنٹ اور نائب وزیر صحت نیڈین ڈوریس بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔

برطانیہ میں اب تک کورونا وائرس کے 383 کیسز  رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 18 افراد صحتیاب ہوچکے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 6 ہے۔  

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سیکڑوں افراد سے ملاقات کرنے والی برطانوی وزیر صحت نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے کووڈ-19 کا ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

 برطانیہ میں نیڈین ڈوریس پہلی سیاسی شخصیت ہیں جو وائرس  میں مبتلا ہوئی ہیں۔

62 برس کی نائب برطانوی وزیر صحت جمعہ کو بیماری میں مبتلا ہوئی تھیں مگر کووڈ-19 کی تشخیص منگل کی شب کی گئی جس کے  بعد انہوں نے خود کو گھر میں محدود کرلیا ہے۔

گزشتہ ہفتے ڈوریس نے ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر یوم خواتین کی تقریب میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور ان کی حاملہ اہلیہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

اس عرصے میں وہ نہ صرف کئی اراکین پارلیمنٹ سے ملیں بلکہ ہفتے کو اپنے حلقے میں منعقد تقریب میں بھی شرکت کی۔

 اب اراکین پارلیمنٹ سمیت ان تمام افراد کی فہرست تیارکی جارہی ہے اور جن میں وائرس کی علامات پائی گئیں ان کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں نیڈین ڈوریس نے اپنی ٹوئٹ میں بھی وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 84 برس کی والدہ بھی ان کے ساتھ مقیم ہیں اور انہیں کھانسی ہو رہی ہےجس کےسبب والدہ کا ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس دنیا کے 115 ممالک تک پہنچ چکا ہے جس سے اب تک دنیا بھر میں 4 ہزار 298 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر متاثرہ ایک لاکھ 19 ہزار 214 مریضوں میں سے 66 ہزار 621 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :