'شہباز شریف کی قیادت پر کسی نے سوال نہیں اٹھایا، وہ جب تک چاہیں لندن رکیں'

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ن لیگ کےصدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی قیادت پر کسی نے سوال نشان نہیں اٹھایا، وہ جب تک محسوس کریں نوازشریف کے علاج کے لیے لندن میں رُکیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور سینیئر رہنما سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع چیمبر میں  چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔

ملاقات میں قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی ،اپوزیشن سے متعلقہ امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دوران ملاقات ن لیگ کے رہنماؤں نے بلاول بھٹو کے نواز شریف اور شہباز شریف سے متعلق بیانات پر ان سے شکوہ کیا تاہم بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی حالات کا تقاضہ ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو ملک میں ہونا چاہئیے، ان کی غیر موجودگی سے حکومت کو تنقید کا موقع ملتا ہے۔

ملاقات  کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے علاج کے لیے لندن میں ہیں اور وہ ان کی صحت بہتر ہونے پر واپس آجائیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کا اپنے بھائی کے ساتھ موجود ہونا ان کے علاج کا حصہ ہے، شہبازشریف جب تک محسوس کریں نوازشریف کے علاج کے لیے رکیں،ہم ان سے واپسی کا کوئی مطالبہ نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار سے ملنے والے ن لیگی ارکان وہی ہیں جو پہلے بنی گالہ جاچکے ہیں،ان کے خلاف صوبائی پارلیمانی پارٹی نوٹس لےگی۔

خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ گذشتہ سال 19 نومبر سے لندن میں موجود ہیں جہاں نواز شریف کا طبی معائنہ اور مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :