پنجاب میں کورونا وائرس کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وزیر صحت

لاہور: وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ائیرپورٹس پرمسافروں کی اسکریننگ کے عمل کی مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا صورتحال، احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے، پنجاب میں کورونا وائرس کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، پنجاب میں کورونا وائرس کے تمام مشتبہ کیسز کے نتائج منفی آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تربیت جاری ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے بار بار ہاتھ دھوئیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں قائم کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال مانیٹر کررہا ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا کے 20 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ سے 15 (کراچی 14، حیدرآباد 1)، اسلام آباد اور گلگت بلتستان سے 2،2 جب کہ کوئٹہ سے ایک کیس سامنے آچکا ہے۔

مزید خبریں :