11 مارچ ، 2020
ڈالر کی اڑان کا سلسلہ جاری ہے اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
انٹر بینک میں آج ڈالر 97 پیسے مہنگا ہوکر 158روپے 42 پیسے پربند ہوا، انٹر بینک میں 6 ماہ بعد ڈالر نے 158 روپے کی سطح عبور کی ہے۔
کاروباری ہفتے کے تین دنوں میں انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 5 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 1 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور امریکی ڈالر کی قدر 158 روپے ہو گئی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر تین دنوں میں3 روپے 70 پیسے مہنگا ہوا ہے ۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100انڈیکس میں کاروبار کے دوران 22 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 37ہزار600سے زائد پوائنٹس پر ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 22 پوائنٹس کم ہوکر 37673 پر بندہوا ہے۔
آج کے کاروباری دن میں 813 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار ہوا اور 100انڈیکس کی بلند ترین سطح 38332 جب کہ کم ترین 37519 رہی۔
بازار میں 21کروڑ شیئرز کے سودے 11.83ارب روپے میں طے ہوئے جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 21 ارب روپے کم ہوکر 7027 ارب روپے ہوگئی۔