'قلندرز سے جیت کیلئے بین ڈنک ہی نہیں دیگر کیخلاف بھی پلاننگ کرنا ہوگی'

 ٹیم نے ابھی اپنے معیار کے مطابق اے لیول کرکٹ نہیں کھیلی،عماد وسیم ،فوٹو:جیو نیوز

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگزکےکپتان عماد وسیم کاکہنا ہے کہ لاہور قلندرز سے جیتنے کے لیے صرف بین ڈنک ہی نہیں، دیگر کھلاڑیوں کےخلاف بھی پلاننگ کرنا ہوگی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عماد وسیم نے کہا کہ  لاہور قلندرز کے پاس کرس لین بھی ہے، حفیظ بھی ہے، فخر بھی اور سمت پٹیل بھی کوئی بھی چل گیا تو حریف ٹیم کے لیے مسئلہ ہوسکتا ہے۔

عماد وسیم کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں کافی اچھا کم بیک کیا ہے، اس سے دوسرے میچ میں مقابلے کے لیے صرف بین ڈنک نہیں بلکہ سب کے خلاف پلان کرنا ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ ان کی ٹیم نے ابھی اپنے معیار کے مطابق اے لیول کرکٹ نہیں کھیلی، فی الحال اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرلیں پھر اس کے بعد سوچیں گے کہ ٹاپ ٹو ٹیموں میں کیسے پہنچنا ہے۔

کراچی کنگز کے کپتان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محمد رضوان کی اگر ٹیم میں جگہ نہیں بن سکتی تو اس میں کچھ نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کے کمبی نیشن میں ان کی جگہ ہے لیکن کنگز کے کمبی نیشن میں فی الحال نہیں۔

خیال رہے کہ کل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپرلیگ فائیو کا 26 واں اور اہم میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل لاہور میں ہونے والے گذشتہ میچ میں قلندرز نے  بین ڈنک کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت کراچی کو 8 وکٹوں سے شکست  دی تھی۔

مزید خبریں :