12 مارچ ، 2020
پاکستان سپر لیگ کی سب سے زیادہ متحرک فرنچائز "لاہور قلندرز"کے لیے 2020ء کا سیزن ماضی کی نسبت کافی بہتر رہا ہے، اس بار بڑے کھلاڑیوں کے بغیر یہ ٹیم شاندار کارکردگی کے ساتھ لاہوریوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں شائقین کرکٹ کی ہر دلعزیز ٹیم بنی ہوئی ہے۔
البتہ اس ٹیم کے مالک فواد رانا 20 فروری سے شروع ہو نے والی لیگ کے کسی میچ کے دوران بھی دکھائی نہیں دیے ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی چار سیزن میں فواد رانا مسلسل ہارتی "لاہور قلندرز" کی ٹیم کی سب سے بڑی شناخت بنے ہوئے تھے۔
"لاہور قلندرز" کی مسلسل ناکامیوں کے تناظر میں پاکستان کا ہر بندہ ہی فواد رانا سے ہمدردی کرتا دکھائی دیا تاہم اس بار فواد رانا کے فرنچائز کے میچو ں کے دوران نہ دکھائی دینے پر چہ مگوئیاں سامنے آئیں۔ بالخصوص اس وقت جب "لاہور قلندرز" نے پے درپے کامیابیاں حاصل کیں تو وہاں فواد رانا کی کمی کو شدت سے محسوس کیا گیا۔
اس بارے میں "لاہور قلندرز " کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا کہنا تھا کہ "کسی کو زیادہ سوچنے کی اور فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، فواد رانا دراصل لیگ کی شروعات کے وقت کینیڈا میں کاروباری مصروفیات کے سبب موجود تھے، اب جب انہیں پاکستان آنا تھا تو کینیڈا سے قطر پہنچنے پر کورونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے پاکستا ن نہیں آ سکے۔
عاطف رانا کے مطابق ٹیم کے حوالے سے فواد رانا ہم سے رابطے میں تھے اور ہیں۔
عاطف رانا نے مزید کہا کہ فواد رانا اپنی کاروباری مصروفیات کے باعث اس سے قبل بھی ماضی میں دبئی میں پاکستا ن سپر لیگ کے مقابلوں میں غیر حاضر رہے ہیں ،لیکن چوں کہ لوگ انھیں بہت پسند کرتے ہیں اور گراونڈ میں ان کی موجودگی کو ٹیم کے ساتھ جوڑتے ہیں تو اس تناظر میں انہیں نہ دیکھ کر سوالات کو وہ سمجھ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سالوں سے ٹیم کے آپریشنل معاملات اور فرنچائز کے تمام امور ان ہی کی ذمہ داری تھے اور ہیں ،اور وہ انھیں بخوبی نبھا رہے ہیں۔
عاطف رانا نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ "لاہور قلندرز" اب ایک برینڈ بن چکا ہے اور یہ کسی فرد واحد کی کاوش نہیں بلکہ اس میں اہم حصہ ہمارے چاہنے والوں کی محبت اور ان کی ہم سے وابستگی کا رہا ہے۔
عاطف رانا نے مزید کہا کہ "لاہور قلندرز" کی ٹیم کا گیم ڈویلپمنٹ پروگرام اور اب ہائی پرفارمنس سینٹر ہماری اہم ترجیحات ہیں اور ہمیں احساس ہے کہ صرف پاکستان سپر لیگ نہیں بلکہ "لاہور قلندرز " کو پورے سال اس ملک میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کر نے کے لیے کام کرتے رہنا ہے جس میں ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید کا اہم کردار رہا ہے۔