Time 12 مارچ ، 2020
پاکستان

وزیر اطلاعات سندھ سینی ٹائزر مہنگے ہونے پر نئی منطق لے آئے

سینی ٹائزر ضروری نہیں ،عام صابن سینی ٹائزر سے بہتر ہے ،ناصر حسین شاہ،فوٹو:فائل

سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ سینی ٹائزر (ہاتھ صاف کرنے کا جراثیم کش محلول) مہنگے ہونے پر نئی منطق سامنے لے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ  ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 15 کیسز سندھ میں آئے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق کراچی اور ایک مریض حیدرآباد سے ہے جب کہ کوئٹہ میں سامنے آنے والا واحد مریض بھی سندھ کا رہائشی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کورونا وائرس کے خطرے کو سنجیدہ نہیں لے رہے وہ صرف ٹوئٹ کے وزیراعظم ہیں۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سینی ٹائزر ضروری نہیں ،عام صابن سینی ٹائزر سے بہتر ہے ۔

 صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ سینی ٹائزر گھر پر بھی بنایا جاسکتا ہے اور ہم جلد اس کا طریقہ بھی بتائیں گے۔

 وزیراطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس پھیل نہیں رہا، صرف ان سے آرہاہے جن کی ٹریول ہسٹری ہے، تعلیمی اداروں میں ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل درآمد کروانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماسک مہنگے کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے تاہم ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق ہر شخص کے لیے ماسک پہننا ضروری نہیں ہے۔

مزید خبریں :