13 مارچ ، 2020
چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی حوالات میں تصویر لینے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے میر شکیل الرحمان کی حوالات میں تصویر لینے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کو 7 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے جنگ و جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کا 12 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 25 مارچ تک نیب کی تحویل میں دے دیا ہے۔
نیب کی ٹیم میر شکیل الرحمان کو سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت لے کر پہنچی اور اس موقع پر عدالت کے اطراف بھی سیکیورٹی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
میرشکیل الرحمان کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے پاور آف اٹارنی جمع کرائی۔
گذشتہ روز نیب نے 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کوحراست میں لیا تھا۔