13 مارچ ، 2020
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری انتہائی پریشان کن ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف کی گرفتاری خاص طور پر ایسے وقت میں جب وہ الزامات کا جواب دینے کے لیے نیب کے سامنے پیش ہوتے رہے ہیں، پریشان کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے، ان کو گرفتار کرنے کا اس وقت کوئی جواز نہیں بنتا جب وہ نیب کے تمام الزامات کا جواب دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے جنگ و جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کا 12 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 25 مارچ تک نیب کی تحویل میں دے دیا ہے۔
نیب کی ٹیم میر شکیل الرحمان کو سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت لے کر پہنچی اور اس موقع پر عدالت کے اطراف بھی سیکیورٹی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
میرشکیل الرحمان کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے پاور آف اٹارنی جمع کرائی۔
گذشتہ روز نیب نے 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کوحراست میں لیا تھا۔