کھیل
Time 13 مارچ ، 2020

پی ایس ایل کا لاہور میں فائنل اور سیمی فائنلز بھی تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے باعث شائقین کے داخلے پر پابندی کے بعد خالی اسٹیڈیم کے مناظر — فوٹو: اے ایف پی 

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں ہونے والے بقیہ میچز بھی تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی ایس ایل کے کراچی میں ہونے والے میچز بغیر تماشائیوں کے کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد آج اور ہفتے کو ہونے والے میچز  کے دوران اسٹیڈیمز میں تماشائی نہیں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومتِ پنجاب کی سفارش پر پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز بھی بند  اسٹیڈیم میں منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔

اس کے علاوہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ ایونٹ میں شریک افراد کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے تین میچز 15، 17 اور 18 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 15مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ ہوگا۔

بورڈ کے مطابق لاہور کے میچوں کے لیے خریدی گئی ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ ٹی سی ایس مراکز  سے ہوگی جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

غیرملکی کھلاڑی اپنے ملکوں کو واپس روانہ

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے باعث ائیرلائن کمپنیوں کی جانب سے فضائی سروسز محدود ہونے کی وجہ سے ایونٹ میں شریک تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو پیشکش کی تھی اگر وہ چاہیں تو اپنے ملکوں کو واپس جا سکتے ہیں۔

بورڈ کی پیشکش کے بعد پی ایس ایل میں شریک کچھ غیر ملکی کھلاڑی جن میں پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس براتھ ویٹ، ملتان سلطانز کے رائیلی روسو بھی شامل ہیں، اپنے ملکوں کو واپس چلے گئے۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق مزید 9 غیر ملکی کھلاڑی پہلی دستیاب پرواز سے اپنے وطن جا رہے ہیں جن میں پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، لیام ڈاسن اور لیوس گریگری، لیام لیونگسٹن، کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔

مزید خبریں :