دنیا
Time 14 مارچ ، 2020

کورونا وائرس : یو اے ای نے نئے ویزوں کا اجراء روک دیا

اعلامیے کے مطابق عارضی پابندیوں کا اطلاق 17 مارچ سے ہوگا،فوٹو:فائل

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر نئے ویزوں کا اجراء عارضی طور پرروک دیا ہے۔

یو اے ای حکام کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئے ویزوں کا اجراء کورونا وائرس سے بچاؤاور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق عارضی پابندیوں کا اطلاق 17 مارچ سے ہوگا جب کہ اس دوران سفارتی ویزوں کا اجراء جاری رہے گا۔

حکام کے مطابق نئے ویزوں پر پابندی کے دوران وہ افراد جنہیں ابھی تک ویزہ جاری کیا جاچکا ہے وہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کرسکیں گے۔

یواے ای حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر لبنان، ترکی، شام اور عراق سے آنے والی پروازوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

دوسری جانب دبئی میں کورونا وائرس کی وجہ سے ریاست میں 15 مارچ سے 31 مارچ تک ہونے والے تمام ایونٹس اور اجتماعات منسوخ کردیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق اس دوران تفریحی مقامات سے لے کر تمام شادی ہالز بھی بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ یو اے ای میں اب تک 85 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جس کے بعد سے حکام کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں جب کہ تمام اسکول اور تعلیمی ادارے پہلے ہی 4 ہفتوں کے لیے بند کیے جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :