Time 15 مارچ ، 2020
کھیل

پی ایس ایل سیمی فائنل: لاہور، کوئٹہ اور پشاور کیلئے اگر مگر کا کھیل شروع

اگر لاہور اور کوئٹہ دونوں اپنے میچز ہارے تو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز فائنل فور میں ہوں گے—فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے سیمی فائنل میں رسائی کیلئے پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کیلئے اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا۔

کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹد کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے جبکہ ملتان سلطانز پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

ٹاپ 4 کی بقیہ دو پوزیشنز کیلئے لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں مقابلہ ہے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم شکست کے بعد ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔

سیمی فائنل کی بقیہ دو ٹیموں کا فیصلہ اتوار کو ہونے والے 2 میچز میں ہوجائے گا۔

پہلا میچ لاہور میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا میچ کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔

اگر دن کے وقت ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز، ملتان سلطانز کو شکست دیتا ہے تو قلندرز کی ٹیم بھی فائنل فور میں پہنچ جائے گی جبکہ پشاور زلمی کو اپنی پوزیشن کیلئے کوئٹہ اور کراچی کے میچ کا انتظار کرنا ہوگا۔

اگر کراچی کنگز کوئٹہ کو شکست دیتا ہے تو زلمی کی ٹیم فائنل فور میں جگہ یقینی کرلے گی۔

لاہور قلندرز اگر ملتان سے جیت جاتا ہے تو پھر کوئٹہ کیلئے صرف جیت ہی کافی نہیں ہوگی کیوں کا اس کا رن ریٹ کافی خراب ہے، کوئٹہ کو زلمی سے رن ریٹ بہتر کرنے کیلئے بھاری مارجن سے فتح اپنے نام کرنا ہوگی ورنہ کوئٹہ جیت کر بھی فائنل فور میں نہیں آپائے گا۔

اگر دن کے میچ میں لاہور قلندرز کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست ہوتی ہے تو پشاور زلمی کی پوزیشن بھی پکی ہوجائے گی، شکست کی صورت میں لاہور قلندرز کی خواہش ہوگی کہ کراچی کنگز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کیوں کہ اگر لاہور دن کا میچ ہارا تو شام میں کوئٹہ کی جیت لاہور کو باہر اور کوئٹہ کو فائنل فور میں لے آئے گی۔ اگر لاہور اور کوئٹہ دونوں اپنے میچز ہارے تو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز فائنل فور میں ہوں گے۔

مزید خبریں :