Time 16 مارچ ، 2020
کھیل

کیا رونالڈو اپنے ہوٹل کو کورونا کے مریضوں کیلیے مختص کر رہے ہیں؟

فوٹو: فائل

گزشتہ روز میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پُرتگال کے شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو اپنے ہوٹل کو کووڈ-19 کے مریضوں کے علاج کے لیے اسپتال میں تبدیل کر رہے ہیں۔

یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا سمیت متعدد پلیٹ فارم پر بغیر کسی تحقیق کے تیزی سے پھیلی اور لوگوں کی جانب سے فٹ بالر رونالڈو کے اس اقدام کو خوب سراہا جانے لگا۔

لیکن اب رونالڈو کے لزبن میں ہوٹل کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ ’رونالڈو اپنے ہوٹل کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے اسپتال میں تبدیل کرنے کسی منصوبے سے واقف نہیں ہیں‘۔

ہوٹل ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’ہمارا ہوٹل ہے، اور ہم اسے اسپتال میں تبدیل نہیں کر رہے اور یہ ہمیشہ ایک ہوٹل ہی رہے گا‘۔

خیال رہے کہ پرتگال میں 200 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے جب کہ فٹ بالر رونالڈو کو بھی میڈیرا میں اس وقت قرنطینہ میں رکھا گیا ہے کیونکہ ان کے ایک ٹیم ممبر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ چین کے بعد اٹلی میں کورونا وائرس نہایت تیزی سے پھیلتا جارہا ہے جہاں ہلاکتوں اور مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں مزید ساڑھے 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جس کے بعد اٹلی میں کل متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 24 ہزار سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :